کموڈور عبدالمنیب کورئیر ایڈمرل  کے عہدے پر ترقی دیدی گئی

Jun 30, 2021

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)پاک بحریہ کے کموڈور عبدالمنیب کورئیر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے۔ رئیر ایڈمرل عبدالمنیب نے 1992 میں پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آبادکے گریجویٹ ہیں ۔انہوں نے امریکہ سے نیول کمانڈ کورس کی سند حاصل کی ہوئی ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے منگل کو جاری تفصیلات کے مطابق ریئر ایڈمرل کے پاس متعددکمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ ہے۔ ان کی نمایاں کمانڈ تقرریوں میں کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر، پی این ایس لاڑکانہ، پی این ایس اکرم، پی این ایس آتش، کمانڈر پچیسواں ڈسٹروائر اسکواڈرن، کمانڈر سرفس ٹاسک گروپ -2 اور ہیڈکوارٹر یو ایس NAVCENT بحرین میں کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 (سی ٹی ایف -151) کے فرائض شامل ہیں۔ ان کی نمایاں اسٹاف تقرریوں میں نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر نیول آپریشنل پلانز، اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف نیول آپریشنل پلانز اینڈ آپریشنز اور ڈپٹی نیول سیکریٹری شامل ہیں۔ فلیگ رینک کے عہدے پر ترقی کے بعد ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نیول سیکریٹری کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ان کی عمدہ خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز(ملٹری)سے بھی نوازاجا چکا ہے۔

مزیدخبریں