پاکستان جاپان سکیورٹی مذاکرات کا آٹھواں مرحلہ،باہمی تعاون پر اتفاق

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)پاکستان اور جاپان نے دفاعی و سیکورٹی تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان جاپان سیکورٹی مذاکرات کا آٹھواں مرحلہ منگل کو آن لائن منعقد ہوا۔مذاکرات سیاسی ملٹری بات چیت اور ملٹری ٹو ملٹری بات چیت کے دو اجزا پر مشتمل تھے۔سیاسی ملٹری بات چیت میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری(ایشیاپیسفک  زاہد حفیظ چوہدری جبکہ جاپانی  وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل شعبہ جنوب مشرقی اور جنوب مغربی ایشیائی امور کوبایاشی کر رہے تھے۔بعد ازاں ملٹری ٹو ملٹری مذاکرات ہوئے جس میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع ریئر ایڈ مرل مرزا فواد امین بیگ جبکہ جاپانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل برائے بین الاقوامی امور ،بیرو دفاعی پالیسی وزارت دفاع جاپان کر رہے تھے۔فریقین نے سیکورٹی پالیسیوں سمیت علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ کیا۔پاکستان اور جاپان میں سیکورٹی کی صورتحال بھی زیر بحث لایاگیا۔ایڈیشنل سیکرٹری زاہد حفیظ چوہدری نے جاپانی وفد کو پاکستان کے ہمسایہ ممالک کیساتھ تعلقات کے بارے میں بریف اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو اجاگرکیا۔زاہد حفیظ چوہدری نے جنوبی ایشیامیں پائیدار امن و استحکام کیلئے نمایاں تنازعات کو بین الاقوامی قوانین اور یو این سلامتی کونسل کے متعلقہ قراردادوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن