پی ٹی آئی ‘ ن لیگ‘ پی پی یک جان‘ تین قالب: سراج الحق 

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی، نون لیگ اور پی پی یک جان تین قالب ہیں۔ بجٹ پاس کرانے میں بڑی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی بھرپور معاونت کی۔ ثابت ہوگیا کہ تینوں آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی تابع داری میں ایک ہیں۔ ساری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے دودھ کا فیڈر حاصل کرنے پر ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عام آدمی کو لوٹا اور مافیاز کو نوازا۔ ملک کی معیشت اور نظریہ خطرات کی زد میں ہے۔ معاشرہ میں امیر اور غریب کا خلا خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔ وہ منصورہ میں سید موددوی انسٹیٹیوٹ کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے سیکٹرز میں بنیادی ریفارمز متعارف کروانا پڑیں گی۔ تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لیے قرآن و سنت کی جانب رجوع ضروری ہے مگر مغرب زدہ حکمرانوں کو یہ توفیق کبھی نہیں ہوئی۔ دریں اثناء  جماعت اسلامی مرکزی مجلس شوریٰ نے  انتہائی ناگفتہ بہ اور مسلسل زوال پذیر معاشی صورتحال پر گہری تشویس کا اظہار کیا ہے اور  امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں منظور کی گئی قرار داد میں میں کہا گیاہے کہ  خسارے کا بجٹ پیش ہونا  معاشی زوال کی علامت ہے۔ بدترین معاشی صورتحال ، کمر توڑ مہنگائی، مسلسل بڑھتی ہوئی بے روزگاری، غربت و بدحالی میں بے پناہ اضافہ اور قرضوں کی معیشت پر انحصار کا بڑا سبب سودی معیشت ہے۔ سود کے خلاف اللہ اور رسول کی طرف سے اعلان جنگ ہے۔ موجودہ بجٹ میں تین ہزار 60 ارب روپے کا سود شامل ہے جو بجٹ کا 33فیصد بنتا ہے۔ وفاقی شرعی عدالت میں بھی حکومت کی طرف سے کم و بیش سودی معیشت کو برقرار رکھنے کا عندیہ ہی دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن