اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹ ہاؤس سے بھیجے گئے میوچل لیگل اسسٹنس(باہمی قانونی معاونت) ترمیمی بل 2021، چیئرمین سینیٹ کی طرف سے غوری ٹاؤن کے حوالے سے بھیجی گئی عوامی عرضداشت، پاکستانی بی ایم سیریز رکھنے والے پاسپورٹرز کو درپیش مسائل، جے ایس بینک کے خلاف منی لانڈرنگ کی تفتیش کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ کی طرف سے ریفر کی گئی عوامی عرضداشت، سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے 14جون 2021کو منعقد سینیٹ اجلاس میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملہ برائے پولیس کی حراست میں 14سالہ حسن خان کے قتل کے علاوہ وزرات داخلہ اور اس کے ماتحت اداروں کے کام کے طریقہ کار کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔میوچل لیگل اسسٹنس ترمیمی بل 2021 کے حوالے سے قائد حز ب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور رانا مقبول احمد نے کہا کہ یہ بل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے تفصیلی جائزہ لے کر پاس کیا ہے انتہائی اہمیت اور حساس نوعیت کا بل ہے بہتر یہی ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے منٹس لے کر ان کا جائزہ لیا جائے اور ان کی روشنی میں اس بل کا جائزہ لیا جائے اس سے اراکین کمیٹی کو رہنمائی بھی ملے گی۔ سیکرٹری وزارت داخلہ نے قائمہ کمیٹی کو بل کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بل کو متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کیا گیاتھا۔ وزارت قانون کے حکام نے کہا کہ اس بل کے حوالے سے صوبوں سے بھی مشاورت کی گئی تھی۔فیٹف نے 8تجاویز پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جن میں سے 7ٹیکنیکل نوعیت کی ہیں جس پر قائمہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ کمیٹی کا 9جولائی کو اجلاس طلب کر کے اس بل کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔ اراکین کمیٹی اس بل کے حوالے سے اپنی تجاویز بھیج سکتے ہیں تب تک معاملہ موخر کر دیا گیا۔چیئرمین سینیٹ کی طرف سے غوری ٹان کے حوالے سے بھیجی گئی عوامی عرضداشت کا کمیٹی اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں’’ باہمی قانونی معاونت‘‘ ترمیمی بل پر غور
Jun 30, 2021