انتخابی اصلاحات،شہباز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس کیلئے رابطہ کمیٹی قائم کر دی

Jun 30, 2021

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کے لئے رابطہ کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی کی سربراہی سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔ قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے یہ اے پی سی  انتخابی اصلاحات اور حکومت کی جانب سے کرائی جانے والی قانون سازی پر اپوزیشن جماعتوں کایکساں موقف سامنے لانے کے لیئے بلائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اے پی سی میں پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو بھی دعوت دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے اے پی سی میں شمولیت پر آمادگی بھی ظاہر کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے پی سی کی حتمی تاریخ کا تعین تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سوات میں پی ڈی ایم کے جلسے اور اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے تناظر میں اے پی سی جولائی کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گی جب کہ میاں شہباز شریف اور مریم نواز پی ڈی ایم اجلاس میں اکٹھے شرکت کریں گے۔

مزیدخبریں