کرونا: 23اموات ، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کل سے ایک ماہ چھٹیاں

Jun 30, 2021

لاہور/  اسلام آباد(سٹاف رپورٹر +نامہ نگار+خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ ) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید  23 افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 254 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 56 ہزار 392 ہوگئی۔ منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 735 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔  دو ہزار مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، دریں اثنا امریکہ نے رواں ہفتے پاکستان کو مڈرونا  ویکسین کی 15 لاکھ خوراکیں دینے کا اعلان کر دیا۔ حکام کے مطابق این آئی ایچ میں تیار پاک ویک ویکسین کی دوسری کھیپ حکومت کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پاک ویک ای سنگل ڈوز والی ویکسین ہے۔ چین سے سائنو ویک ویکسین کی 30لاکھ ڈوز لائی گئیں ہیں۔ سائنو ویک کی صوبوں کو ترسیل کا آغاز آج سے ہو گا۔ خیبر پی کے کے تمام ایم ٹی آئی ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں مریضوں کیلئے کرونا کی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی قرار دے دیا گیا۔ آسٹریلیا میں کرونا کی بھارتی قسم نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بھارتی کرونا وائرس برطانیہ پہنچ گیا۔ ترکی نے کرونا وائرس کی نئی تبدیل شدہ قسم ڈینٹا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بھارت سمیت 6 ممالک کی پروازوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کر دی۔  ترکی نے پاکستان سے آنے والے مسافروں کیلئے  شرائط نرم کر د یں، اب مسافروں کو14کی بجائے دس روز کا قرنطینہ کرنا ہو گا دریں اثناء وزارت صحت کی جانب سے عیدالاضحیٰ  سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہدایات مویشی منڈی، نماز عید، قربان گاہوں سے متعلق ہیں جن کا مقصد نماز عید، قربانی کیلئے شہریوں کو رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ شہری عید الاضحیٰ کے دوران صرف ضروری سفر ہی کریں کیوں کہ نئی کرونا لہر کا خدشہ موجود ہے۔ گائیڈ لائنز کے مطابق سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔ فیملی تقریبات اور عید پر گلے ملنے سے اجتناب کیا جائے۔ قربانی کے جانوروں کی آن لائن خریداری کو ترجیح دی جائے اور مویشی منڈیوں کیلئے کھلی جگہ کا انتخاب کیا جائے۔ محکمہ تعلیم پنجاب نے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے کہا یکم جولائی سے یکم اگست 2021 تک سکولوں میں موسم  گرما کی تعطیلات ہوں گی۔  دریں اثناء وفاقی نظامت تعلیمات نے بارہ روز کے لیے گرمیوں کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائریکٹر اکیڈمک سعدیہ عدنان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے اٹھارہ جولائی سے یکم اگست تک بند رہیں گے۔  پروموشن پالیسی بھی جاری کر دی گئی ہے جس میں پہلی سے ساتویں کلاسز کو بغیر امتحان پاس کرنے کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ ادارے میں ہی طلباء کی چار اسسمنٹ لی جائیں جن کا ریکارڈ محفوظ رکھا جائے۔ پالیسی میں کہا گیا ہے کہ اسسمنٹ کا نتیجہ جو بھی ہوکسی بھی طالب علم کو فیل نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چھٹیوں کے دوران اساتذہ کو نئے یکساں سلیبس کی ٹریننگ دی جائے گی۔ سندھ میں چھٹیوں کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ خیبر پی کے کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے‘ مدارس بھی یکم جولائی سے 12جولائی تک بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں