لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ارباب غلام رحیم نے پنجاب کا عوام دوست اور ریکارڈ ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلی عثمان بزدار کے ویژن کی تعریف کی اور کہا کہ آپ کا صوبے کی یکساں ترقی کا ویژن قابل تحسین ہے۔ ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کر کے پنجاب حکومت نے دیگر صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاش سندھ حکومت بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پنجاب حکومت کو رول ماڈل بنائے۔ آپ نے تین برس کے دوران پنجاب میں بے پناہ کام کیا ہے۔ ہم آپ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ مختصر مدت میں جو کام کر چکے ہیں وہ سابق حکومتیں 70 برس میں نہ کر سکیں۔ ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ سابق حکمرانوں نے کام کم کیا لیکن ڈھنڈورا زیادہ پیٹا۔ ماضی کی حکومت نے اداروں کو سیاسی مداخلت کے ذریعے تباہ کیا۔ ہماری حکومت نے اداروں کو خود مختار بنایا ہے۔ 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے صوبے کا ہر ضلع ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ ترقی کے سفر میں دیگر صوبوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے معروف لوک گلوکار اللہ دتہ لونے والا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ دتہ لونے والا نے لوک گلوکاری کو منفرد انداز سے آگے بڑھایا۔ وزیراعلیٰ نے برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے واقعہ پرکمشنر لاہورڈویژن اور سی سی پی او لاہور سے ر پورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آگ پر قابو پانے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ آتشزدگی پر قابوپانے کے لئے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں۔