کراچی(سٹی نیوز)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی پر قابض دیہاتی حکمران صرف کراچی کے وسائل کو لوٹ کر اس شہر کو مسائل کا گڑھ بنارہے ہیں ۔ کراچی میں آکر سیاست کرنے والے دیہی حکمران اور ان کے ہم عصر وڈیرے زمیندار، جاگیردار اتنا ٹیکس بھی نہیں دیتے جتنا کراچی کے موٹر سائیکلوں سے سالانہ ٹیکس لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ اور پالیسی ساز اداروں کو صورتحال کا صحیح ادراک کرتے ہوئے کراچی اور حیدرآبادکے مہاجروں کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی کا ازالہ کرنا چاہئے ۔ آج حالت یہ ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم کردیئے گئے ہیں ۔ جبکہ صوبائی حکومت اور اس کی فنڈنگ پر چلنے والے متعصب سندھی ادارے سندھ کے دیہی علاقوں سے لاکر کراچی میں لوگوں کو یہاں ان کے ووٹوں کا اندراج کرارہے ہیں۔ ان کے جعلی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل بنوارہے ہیں ۔ دیہی اور شہری دونوں کوٹہ پر سندھی النسل افراد کو ملازمتیں اور تعلیمی اداروں میں داخلے دیئے جارہے ہیں ۔ یہ ساری صورتحال ان مہاجروں کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہیں جو متحدہ کے فراڈ کے نام پر کراچی کی نشستوں سے غیر مہاجروں کو اسمبلیوں میں بھیجواتے رہے ہیں۔