پاکستان، ایران میں کافی تجارتی معاہدے پورے ہونیوالے ہیں: جعفر روناس 


لاہور(سپیشل رپورٹر)لاہور خانہ فرہنگ ایران میں کلچرل اتاشی اور ڈائریکٹرجنرل جعفر روناس کیساتھ صحافیوں کے گروپ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرانی کلچرل اتاشی اور ڈائریکٹرجنرل جعفر روناس نے کہا کہ ہمارے بازو ہر وقت ہمارے مسلم بھائی پاکستان کیلئے کھلے ہیں۔ ایران پاکستان کو تسلیم کرنے والا سب سے پہلا ملک ہے اور اسی طرح جب ایران میں اسلامی حکومت قائم ہوئی تو سب سے پہلے پاکستان نے ایران کی اسلامی حکومت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بہت سے تجارتی معاہدے پورے ہونے کو ہیں۔ ایران، پاکستان سے چاول اور پاکستان،ایران سے پٹرول درآمد کرنا چاہتا ہے جس کے متعلق بات چیت ہو رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں عورتوں کوہر قسم کی مکمل آزادی حاصل ہے ۔ خواتیں اسلامی لباس میں رہتے ہوئے ہر قسم کے کھیلوں میں حصہ لیتی ہیں اور انہوں نے مختلف کھیلوں میں گولڈ میڈل بھی حاصل کئے ہیں۔ایران خودتیل پیدا کرنے والا ملک ہے ا یران میں اس وقت پاکستانی 15 روپے لٹر کے حساب سے پٹرول فروخت ہو رہا ہے۔ ہم پاکستان کوسستا پٹرول دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام مسلم ممالک کو اکٹھے ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ دشمن ممالک ہمیں لڑا کر خود فائدہ اٹھا رہے ہیں، ہم مسلم ممالک اگر اکٹھے ہوجائیں تو ہم دنیا پر حکومت کر سکتے ہیں۔امریکہ کے ساتھ تعلقات کے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر معاملے میں امریکہ سے تعاون کیا پورے سات سال تمام قسم کے معاہدوں کو مکمل کیا لیکن امریکہ کی حکومت بدلتے ہی انہوں نے سابقہ تمام معاہدوں کو ماننے سے انکار کردیا۔آخر میں انہوں نے کہا کہ صافیوں کی ذمہ داری  ہے کہ ایران اور پاکستان کا مثبت چہرہ دونوں ممالک کے عوام کے سامنے لائیں اور دلوں میں محبت پیدا کرنے کیلیے پل کا کردار ادا کریں اور اس مقصد کیلے صحافیوں کو چاہیے کہ وہ ایران کا دورہ بھی کریں تاکہ وہ ایران کی ثقافت کو دیکھ کرپاکستانی عوام کوبہتر طور پردکھا سکیں۔  جعفر روناس نے کہا ایران تمام پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، پاکستان کی آزادی کیبعد ایران نے سب سے پہلے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو تسلیم کیا تھا۔ ہم ہر وقت پاکستان کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن