شہریوں کے لڑائی جھگڑے شروع،ایک دوسرے سے سبقت لینے کی کوشش، مہنگائی کا بدترین دور شروع ہو چکا ہے، پیسے بچانا چاہتے ہیں، شہری


راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی میں یکم جولائی سے متوقع پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باعث پیٹرول پمپوں پر ابھی سے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپوں پر شہریوں کے لڑائی جھگڑے شروع ہو گئے، ہر کوئی ایک دوسرے سے سبقت لینے کیلئے آگے کی طرف ایسے بڑھ رہا ہوتا ہے جیسے پیٹرول مفت میں تقسیم ہو رہا ہو، شہریوں نے نوائے وقت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیا کریں مہنگائی کا بدترین دور شروع ہو چکا ہے ایک ایک پیسہ بھی بچا سکیں تو غنیمت سمجھتے ہیں، دودن پہلے پیٹرول اس لئے ڈلوا رہے ہیں اس کے بعد لائنوں میں مزید رش  لگ جائے گا اور کئی پیٹرول پمپ تو پیٹرول پمپ بند کرکے چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے پیٹرول ملتا ہی نہیں،اس وجہ سے آج ہی فیول فل کرا کر  جتنی بھی بچت کر لیں ،شہریوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ہر پندرہ دن بعد ایک عجیب سی عجلت اور خوف میں مبتلا کر دیتی ہے  پیٹرولیم مصنوعات کے ساتھ تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے، حکومت بھی مہنگائی کے اس طوفان کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔

ای پیپر دی نیشن