٭حضرت عباس بن عبدالمطلب سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہؐ سے سُنا آپ فرماتے ہیں۔ ایمان کامزا اس نے چکھا اور اسکی لذت اسے ملی جس نے اللہ کو اپنا رب‘ اسلام کو اپنا دین اور محمد ﷺ کو اپنا رسول مان لیا۔ (مسلم)٭حضرت ابوالدردا رضی اللہ عنہ رسول اللہ ﷺ سے نقل کرتے ہیں کہ آپؐ نے ارشاد فرمایا: قیامت کے دن میزان عمل میں سب سے زیادہ وزنی چیز انسان کے اچھے اخلاق ہونگے۔ (ترمذی ابودائود)٭ حضرت امامہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا کہ ایمان کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا کہ جب تم کو اچھے عمل سے مسرت اور برے کام سے رنج ہو تو تم مومن ہو۔ (مسند احمد)٭
حضرت امامہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے اللہ ہی کیلئے کسی سے محبت کی اور اللہ ہی کیلئے دشمنی کی اوراللہ ہی کیلئے دیا اوراللہ ہی کیلئے منع کیا (یعنی نہ دیا) تو اس نے اپنے ایمان کی تکمیل کرلی۔ (ابودائود )٭حضرت انس سے روایت ہے کہ ایمان کی لذت اس کو نصیب ہوگی جس میں تین علامات پائی جائیں۔ ایک یہ کہ اللہ اوراُسکے رسولؐ کی محبت اُس کو ہر ایک سے زیادہ ہو۔ دوسرا یہ کہ جس کسی سے بھی محبت ہو محض اللہ ہی کیلئے ہو اور تیسرا یہ کہ ایمان کے بعد کفر کی طرف واپس لوٹنے سے اس کو اتنی ہی کراہت ہو جتنی کہ آگ میں ڈالے جانے سے ہوتی ہے (متفق علیہ)
٭ حضرت ابن عباس سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جسے چار چیزیں مل گئیں‘ اسے دنیا اورآخرت کی بھلائی حاصل ہوگی (۱) شکر کرنیوالا دل (۲) اللہ کویاد کرنیوالی زبان (۳) مصیبت پر صبرکرنیوالا بدن (۴) ایسی بیوی جو اپنی ذات اور شوہرکے مال میں خیانت کرنیوالی نہ ہو۔ (مشکوٰۃ)
٭حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کوئی ہے جو مجھ سے نصیحت کے یہ کلمات لے کر اُن پر عمل کرے اوراُن کو سکھائے جو ان نصیحتوں پرعمل کریں۔ حضرت ابوہریرہ نے عرض کی یا رسول اللہؐ میں حاضر ہوں تو آپؐ نے میرا ہاتھ پکڑلیا اور درج ذیل باتیں ارشاد فرمائیں گناہ سے پرہیز کرو تو تم سب سے بڑے عبادت گزار بن جائو گے۔ اپنے پڑوسی سے احسان کرو تو (حقیقی) مومن ہوجائو گے۔ لوگوں کیلئے وہی چاہو جو اپنے لیے چاہتے ہو تو (حقیقی) مسلمان بن جائو گے (اور زیادہ ہنسی مذاق اور استہزاء نہ کیا کرو کہ) بہت زیادہ ہنسنے سے دل مردہ ہو جاتا ہے۔ (ترمذی)
جواہراتِ حدیث
Jun 30, 2022