دھاندلی سے جیتنے والوں کو انتخابی اصلاحات پر ضما نتیں ضبط ہونے کا خوف ہے: بلاول


اسلام آباد (نامہ نگار+خصوصی نامہ نگار ) قومی اسمبلی میں اظہار خیال کر تے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں جب بھی شفاف انتخابات ہوئے اور تمام جماعتوں کو یکساں مواقع میسر آئے تو پاکستان پیپلز پارٹی نے ان انتخابات میں بہتر کارکردگی دکھائی، آمریت کا سہارا لے کر دھاندلی سے کامیاب ہونے والوں کو یہ خوف ہے کہ اگر انتخابی اصلاحات ہو گئیں تو ان کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی، اسی لئے عمران خان سمیت سندھ کی کچھ جماعتیں اداروں کے نیوٹرل ہونے کے خلاف چیخ و پکار کر رہی ہیں، انتخابی اصلاحات کے بعد اگر کہیں دھاندلی ہوتی ہے تو اس پر ہم سب کو اپنی آواز اٹھانی چاہیے، سندھ میں دوسرے مرحلے میں بھی سیاسی مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ایوان میں بار بار بات کی جارہی ہے، پیپلز پارٹی اس ملک میں جمہوریت، صاف شفاف انتخابات اور عوام کے معاشی حقوق کے لئے تین نسلوں سے جدوجہد کر رہی ہے، ہم نے ہر آمر کا مقابلہ کیا، جیالوں نے پھانسی کے پھندے چوم لئے اور آمر سے پاکستان کو نجات دلائی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی دھاندلی ہوئی تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کے لئے ہوئی۔ انہیں علم ہے کہ اگر ادارے نیوٹرل رہے تو عمران خان کی جماعت کی طرح یہ جماعتیں انتخابات نہیں جیت سکتیں، وہ اداروں سے اپنے ٹائیگر فورس کی طرح کام کرنے کا تقاضا کر رہے ہیں۔ انہیں پتہ ہے کہ اگر ادارے نیوٹرل ہوئے تو ان کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔ 2018 کے الیکشن میں انہیں دھاندلی کرکے یہاں بٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر صاف شفاف انتخابات ہوں اور سب کو مساوی مواقع ملیں تو ان کٹھ پتلیوں کو بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی، یہ لوگ پہلے مرحلے سے ایک دن پہلے سندھ ہائیکورٹ جاکر بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے، ایسے لوگوں کو سندھ کے عوام کبھی ووٹ نہیں دیں گے، ان کا رونا دھونا ابھی دوسرے مرحلے میں مزید بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا لاڑکانہ سے الیکشن جیتنے پر دھاندلی کا الزام مذاق نہیں، اگر ہمارا کوئی آدمی اس میں ملوث ہوگا تو اس کے خلاف میں خود کارروائی کروں گا کیونکہ ہماری جدوجہد ہی یہی ہے، اگر محض الزام تراشی ہوگی تو جب حقیقت میں دھاندلی ہوگئی تو اس وقت کوئی ہماری بات پر یقین نہیں کرے گا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا جی ڈی اے کا ایک شخص آتا ہے اور عورتوں کے کپڑے پھاڑتا ہے ویڈیوز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پیپلزپارٹی کو ووٹ ڈالا آپ اپنی غلطیوں پرغور کریں کہ الیکشن کیوں نہیں جیتا۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آغا رفیع اللہ نے کہا کہ سندھ کی عوام نے عمران خان کو مسترد کیا۔اسلام آباد سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی چین کے خارجہ امور کے مرکزی کمیشن کے ڈائریکٹر یانگ جیچی سے وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔  وزارت خارجہ میں ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن