میڈرڈ ‘ ماسکو‘ برلن (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) سپین کے شہر میڈرڈ میں جاری نیٹو سمٹ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ روس نیٹو کیلئے واضح اور براہ راست خطرہ ہے۔ روس یوکرائن میں جنگ بند کرے اور فوج واپس بلائے۔ روس کیخلاف دفاعی جنگ میں یوکرائن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ روسی جارحیت کے خلاف یوکرائن کی حمایت جاری رکھیں گے۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک شاپنگ مال پر روس کے حالیہ حملے کی تفتیش کرے۔ سلامتی کونسل سے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں روس سمیت تمام پندرہ رکن ممالک سے کہا کہ وہ اس حملے کے متاثرین کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کریں۔ انہوں نے روس کو سلامتی کونسل سے خارج کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ تاہم روس اس کو ویٹو کرنے کا حق رکھتا ہے۔ دوسری جانب روسی نائب سفیر نے یوکرینی صدر کی اس تقریر کو نیٹو ممالک سے مزید ہتھیار حاصل کرنے کا بہانہ قرار دیا ہے۔ شاپنگ مال حملے میں ہلاکتیں 19 ہو گئیں۔ یہ حملہ چند روز قبل روس نے شہر کرمنچک میں کیا تھا۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ روسی صدر نے زہریلی مردانگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرائن پر حملہ کیا۔ اگر وہ ایک خاتون ہوتے تو کبھی ایسا نہیں کرتے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اس بات پر زور دیا کہ اب دنیا بھر میں لڑکیوں کے لیے بہتر تعلیم اور اقتدار کے عہدوں پر زیادہ سے زیادہ خواتین کی شمولیت پر کام کیا جائے۔
ہالینڈ/ یوکرائن
روس جنگ بند، فوج واپس بلائے نیٹو: سلامتی کونسل سے نکالا جائے، صدر یوکرائن
Jun 30, 2022