ایرانی سفیر کی ملاقات‘ افغان عوام کی مکمل حمایت وقت کا تقاضا: خواجہ آ صف

Jun 30, 2022

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے بدھ کو یہاں اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ترجمان وزارت دفاع کے مطابق وزیر دفاع نے  کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا شکر گزار ہے۔ جوائنٹ بارڈر کمیشن (جے بی سی) کی اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں کی ہیں۔ وزیر دفاع نے افغانستان میں امن کے حصول کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ افغان عوام کی مکمل حمایت کی جائے۔ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دفاع اور توانائی کے شعبے میں وسیع تعاون کے امکانات رکھتے ہیں۔ دونوں اطراف نے اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون کا ارادہ ظاہر کیا، جن میں سلامتی میں اضافہ، انسداد دہشت گردی اور علاقائی اقتصادی روابط کو یقینی بنانا شامل ہیں۔
ایرانی سفیر

مزیدخبریں