ننکانہ صاحب(نامہ نگار) ڈینگی کے مکمل خاتمہ اور بچائو کیلئے ضلعی انتظامیہ کے اجلاس اور مختلف محکموں کے آگاہی سیمینارز بے سود ، انتظامیہ کے ضلع بھرکی عوام کو ڈینگی وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام تروسائل کو بروئے کار لانے اور ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لے تمام محکموں کواپنی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں نبھانے کے احکامات ٹھس۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث واربرٹن چونگی چوک ،مقامی شاد باغ کالونی اورکینیڈا کالونی سمیت شہر کے مختلف علاقوں کے گٹر ابل پڑے ہیں جبکہ صفائی اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث بارش اور سیوریج کا پانی کھڑا ہونے سے نشیبی علاقے اورپارک مچھروں کی افزائش گاہیں بن گئے ہیں جس کے باعث ڈینگی اور ملیریا سمیت دیگر بیماریاں پھیلنے کا شدید اندیشہ ہے شہریوں نے اعلیٰ حکام سے صفائی اور نکاسی آب کے سسٹم کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔