لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں انسداد جرائم اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن،ایس ایس پی انوسٹی گیشن ، ایس ایس پی آپریشنز ،انوسٹی گیشن اور آپریشنز ونگ کے تمام ایس پیز، ایس پی سی آئی اور متعلقہ پولیس افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سٹریٹ کرائم کے تدارک،لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے پر امن ضمنی انتخابات اور الیکشن مہم کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے ہیلپ لائن 15 کی کالز،فرنٹ ڈیسک کی درخواستوں پر فوری اندراج مقدمہ کی ہدایت کی۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے اغوا،تشدد اور جنسی ہراسگی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس اپنائیں۔جبکہسی سی پی او نے کہا ہے کہ لاہور پولیس میں ملازمین کی ترقی کا عمل بلا تعطل تیزی سے جاری ہے۔ملازمین کی بروقت ترقی اور کنفرمیشن سے ان کی کارکردگی میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت پروموشن بورڈ میں کانسٹیبلز سے ہیڈ کانسٹیبلز عہدے پر ترقی کیلئے مجموعی طور پر 145 کیسز زیر غور آئے۔پروموشن بورڈ نے چانچ پڑتال کے بعد مجموعی طور پر 132 کانسٹیبلز کی پروموشن کیلئے شفارشات پیش کر دی ہیں۔