حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) پاسپورٹ آفس کے گرد ایجنٹ مافیا کا راج،پاسپورٹ آفس کا عملہ بھی جیبیں بھرنے لگا۔ غریب اور عام آدمی کے لئے پاسپورٹ کا حصول دشواربنادیا گیا۔پاسپورٹ بنوانے کے لئے دوردراز سے آنے والے لوگ شدید گرمی وحبس میں ذلیل وخوار ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے انارکلی بازار میں واقع پاسپورٹ آفس کے ارگرد ایک بار پھر ایجنٹوںکی بھرمار ہوچکی ہے جو مختلف روپس پاسپورٹ بنوانے کے لئے آنے والے افراد کو گھیر کو دوسے تین ہزار روپے تک وصول کررہے ہیں ۔جبکہ پاسپورٹ آفس کا عملہ اس ایجنٹ مافیا سے پوری طرح ملاہواہے۔ ایجنٹو ں کے توسط سے آفس نہ آنے والے افراد کو طرح طرح کے اعتراضات لگا کر ذلیل وخوار کیا جاتا ہے جس کے باعث وہ آخر کار ایجنٹ سے رابطہ کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں جس پر ایجنٹس پاسپورٹ بنوانے کی اسوقت دو سے تین ہزار تک اضافی فیس وصول کررہے ہیں۔جبکہ پاسپورٹ آفس کے عملہ کا شہریوںکے ساتھ رویہ بھی ہتک آمیز ہوتا ہے۔متاثرہ افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ عملہ اورم ایجنٹوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔