حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)محکمہ زراعت کی جانب سے گندم کی زیادہ پیدا وار والے زمینداروں میں نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اللہ دتہ وڑائچ نے زمینداروں اور کسانوں میں انعامات تقسیم کیے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت فضل رسول، ڈپٹی ڈائریکٹر کراپس ریپورٹنگ رانا عبدالرحمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد یوسف، زراعت آفیسر فراز حسین سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکاروں نے تقریب میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار بڑھانے ، شعبہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے حکومت کی جانب سے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں۔کسانوں کو سستے داموں کھاد، بیج فراہم کیا جار ہا ہے۔جبکہ زرعی مشینری ، ٹریکٹر، بائیو ٹیکنالوجی، اور دیگر جدید سہولیات پر کروڑوں ، اربوں کی سبسڈی بھی دی جارہی ہے تا کہ کسان اپنی محنت سے زرعی پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کر سکیں۔انکا کہنا تھا کہ نہر ی پانی کو ٹیل تک پہنچانے اور پانی چوری کی روک تھام کے لیے بھی بھر پور اقدامات کیے جا رہے ہیں اور بالخصوص نہری پانی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔