کراچی(کامرس رپورٹر) ٹی پی ایل ٹریکر نے حال ہی میں فلیٹ مینجمنٹ سلوشنزکی فراہمی کے حوالے سے سوئی نادر ن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے ۔SNGPL سب سے بڑی اور مربوط گیس کمپنی ہے جو پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزاد جموں و کشمیر میں اپنے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے 7.22 ملین سے زائد صارفین کو اپنی خدمات فراہم کررہی ہے ۔اس شراکت داری کے نتیجے میں ، ایس این جی پی ایل ، پاکستان بھر میں اپنے فلیٹ کی صحت اور ملازمین کے تحفظ کے مقصد کے تحت اپنے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی بہتر اندازمیں نگرانی کرنے اور اس کے انتظام وانصرام کے قابل ہوجائے گی ۔اس موقع پر ٹی پی ایل ٹریکر کے سی ای او ، سرور علی خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ،"پاکستان کے وسطی اور شمالی علاقوں میں آبادی کی ایک بڑی تعداد گھریلو، تجارتی اور صنعتی مقاصد کے لیے قدرتی گیس کی فراہمی کے حوالے سے ایس این جی پی ایل پر انحصار کرتی ہے ۔اس معاہدہ کے ذریعے ایس این جی پی ایل کی نہ صرف عملی کارکردگی میں بہتری یقینی ہوگی بلکہ ساتھ ہی لاگت کے معاملات کو بھی بہتر بنانے کا موقع میسر آئے گا۔ ہم نہ صرف کاربن کے کم اخراج کے مستقبل کے حامی اور اس پر پختہ یقین رکھتے ہیں بلکہ ساتھ ہی فعال انداز میں ماحولیات کے حوالے سے بہترین سلوشنز اور خدمات کی پیشکش کے ذریعے اس طرح کے بڑے پیمانے پر چلنے والے آپریشنز کو کامیابی کے ساتھ بہتری کی جانب گامزن کرچکے ہیں ۔"ٹی پی ایل ٹریکر ، ٹریکنگ ، ڈیجیٹل میپنگ اور IoT جیسی خدمات کی فراہمی کے تسلسل کے ساتھ پاکستان بھر کی متعدد صنعتوں میں جدت کا انقلاب برپا کررہا ہے ، جس سے سرکاری اور نجی اداروں کی عملی صلاحیتوں اور کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔