موجودہ ملکی صورتحال کی ذمہ دار سابقہ سلیکٹڈ حکومت ہے‘ ارباب فاروق

Jun 30, 2022

پشاور(بیورورپورٹ)جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء ارباب فاروق جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا بیروزگار ٹولہ ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے کے بعد عوام کو ایک بار پھر بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے تاہم عوام جان گئے ہیں کہ ملک کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار سابقہ نا اہل و سلیکٹڈ حکومت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ بیت النصر میں جماعت کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے نا مناسب رویئے کے باعث آج ایک بار پھر کنٹینر پر کھڑے ہیں تاہم انہوں نے اپنے رویئے میں تبدیلی نہیں لائی ہے آج بھی وہ گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں جس کے باعث عوام میں بھی شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو مسترد کریں گے کیونکہ سابق وزیر اعظم نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اس کو عملی جامہ نہیں پہنایا جبکہ مختلف شخصیات کے ذریعے ملک کو بیدردی سے لوٹا اور عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایت پر ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے اختیار ولی پر پابندی ان کی سیاسی نا بالغی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ دوسروں پر الزامات لگانے اور تنقید کرنے والے خود تنقید برداشت نہیں کرسکتے حکومت بڑے پن کا مظاہرہ کرے اور سچ کا سامنا کرے نہ کہ اپوزیشن ممبران پر پابندی عائد کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے‘ آئے روز سرکاری ملازمین کی جانب سے پشاور کی اہم شاہراہوں پر احتجاجوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم حکومتی ارکان کی جانب سے انہیں کسی قسم کی توجہ نہیں دی جاتی ہے جس کے باعث پشاور احتجاجستان بن گیا ہے گلی کوچوں میں بھی احتجاجوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اگر صوبائی حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں تو فوری طور پر مستعفی ہو جائے۔
 ارباب فاروق

مزیدخبریں