ملتان‘ تونسہ شریف(خبر نگار خصوصی‘ نامہ نگار) ڈیرہ غازی خان کی پتھریلی زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے منصوبہ کا افتتاح کردیاگیا۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے سٹون پکر مشین چلاکر اس منصوبہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پرسیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں کی پتھریلی زمین کوقابل کاشت بنانے کیلئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک منفرد منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جس سے اس علاقہ کے کاشتکاروں کی زمینوں سے مفت پتھر اٹھائے جائیں گے۔اس منصوبہ کی تکمیل سے یہاں زراعت کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔ کاشتکار اپنی زمینوں کو ہموارکرکے فصلوں کی کاشت سے اچھی پیداوار حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان کے قبائلی علاقوں میں بذریعہ قرعہ اندازی کاشتکاروں کاانتخاب کیا گیا ہے۔ قرعہ اندازی میں کامیاب ہر کاشتکار کے رقبہ پر 10 گھنٹے تک سٹون پکر مشین چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے 200 سے زائد کاشتکار قرعہ اندازی کے ذریعے اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درآمد شدہ یونٹس کی قیمتیں زیادہ ہیں آئندہ ایگریکلچرل میکانائزیشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں ریورس انجینئرنگ کے ذریعے پکر مشینوں کو تیار کیا جائے گا تاکہ ان مشینوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکے۔ اس موقع پر ڈویڑنل انجینئر ندیم اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قبائلی علاقوں کیلئے 2 سٹون پکر مشینیں منگوائی گئی ہیں جن پر 3 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔
منصوبے کا افتتاح