سعودی ولی عہد سے صدرمملکت اور وفاقی وزراء کی ملاقات، حج انتظامات پرمبارکباد

 سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے صدر مملکت عارف علوی، وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سمیت دیگر وزراء نے ملاقات کی۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اس سال حج پر آنے والے مسلم رہنماؤں اور اعلی عہدیداروں اور مذہبی شخصیات کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔منیٰ پیلس میں سعودی ولی عہد نے اسلامی ممالک کے مختلف وفود سے ملاقات کی، ولی عہد نے پاکستان کے صدر عارف علوی، سینیٹر طلحہ محمود، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، خرم دستگیر، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزراء نے حج 2023 کے کامیاب انتظامات پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔اپنے خطاب میں سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ حج کے دوران میں عازمین کو خدمات مہیا کرنا اور ان کے محفوظ اور آرام دہ حج کو یقینی بنانا سعودی عرب کے لیے "فخر کا باعث" ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حج کی ادائیگی کو آسان بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے اور اس ضمن میں اپنی تمام صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔واضح رہے کہ رواں سال مکہ مکرمہ میں سالانہ حج میں 18 لاکھ سے زیادہ غیرملکی عازمین نے شرکت کی ہے، حج ان تمام مسلمانوں پر لازم ہے جو سفرِ حج کی استطاعت رکھتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن