پنجاب میں تاریخی اقدامات بزدار یا نیازی نہیں مریم نواز کے ہیں: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوامی ریلیف کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ جب حکومت بنائی تو پنجاب میں آٹا 2800 کا تھا جو اب 50 فیصد کم ہو چکا ہے۔ پنجاب میں روٹی 20، 25 روپے سے کم کر کے 12، 14 روپے پر لے آئے ہیں۔ فوڈ کوالٹی اور قیمتوں پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔ جو فلور مل آٹا مہنگا کرنے میں ملوث ہوئی اس کے خلاف سخت ایکشن ہو گا۔ غریب آدمی کا نوالہ سستا کرنا مریم نواز کا مشن ہے۔ پنجاب میں بزدار یا نیازی نہیں بلکہ مریم نواز شریف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین اور وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ فیلڈ میں نکلیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لیں۔ پنجاب میں گندم کا 23 لاکھ ٹن کیری فارورڈ سٹاک موجود ہے۔ پاسکو کا سٹاک بھی موجود ہے لہذا کسی صورت آٹا مہنگا نہیں ہونے دیں گے۔ اربوں روپے کی گندم موجود ہے اور جلد ہی لون فری سٹیٹس پر جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعلی پنجاب بذات خود مانیٹر کر رہی ہیں۔ حکومت کے پہلے 100 دنوں میں تاریخی اقدامات اٹھائے گئے۔ وزیراعلی پنجاب نے واضح پیغام دیا کہ اب پاکستان کو آگے بڑھنے دیں، ہم نعرے بازی پر نہیں کام پر یقین رکھتے ہیں۔ چکن کی پرائسز 800 روپے سے کم کر کے 400 سے نیچے لے آئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن