راولپنڈی+ اٹک (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) مریضہ کو ہسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس ریسکیو 1122 آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ خوفناک حادثے میں ریسکیو اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اٹک ڈسٹرکٹ ہسپتال میں سہولیات کی کمی کے باعث فالج کی خاتون مریضہ کو راولپنڈی کے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا۔ اٹک راولپنڈی روڈ پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس سامنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ خوفناک حادثے میں ریسکیو میڈیکل ٹیکنیشن سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ ایمبولینس میں موجود مریضہ اور اس کے 3 رشتے بھی جاں حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔ اس کے علاوہ 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 32 سالہ ریسکیو اہلکار عمران، 52 سالہ شاہین، 70 سالہ کامنہ بی بی، 44 سالہ ریاض، 40 سالہ ثمینہ بی بی شامل ہیں۔ ایمبولینس کا ڈرائیو وقار احمد شدید زخمی 60 سالہ عبدالوحید، 36سالہ رخسانہ بی بی زخمیوں میں شامل ہیں۔ دریں اثنا ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن محمد عمران کی تدفین ان کے آبائی گاؤں جلوال میں کر دی گئی۔ عمران ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ میں ساڑھے تین سال سے ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن کے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہے تھے۔
راولپنڈی: ایمبولینس 1122 آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، مریضہ، ریسکیو اہلکار سمیت 5 جاں بحق
Jun 30, 2024