شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کیس‘ دھمکیوں پر رپورٹ 4 جولائی کو طلب‘ تحریری فیصلہ

لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کی درخواست کا عبوری تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے پولیس کو مغوی کی بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت  نے مغوی کی بازیابی اور شہباز گل کو ملنے والی دھمکیوں کے اقدامات کی رپورٹ4 جولائی کو طلب کر لی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم رپورٹ لے کر ذاتی حیثیت میں عدالت کے روبرو پیش ہوں۔ موبائل کمپنیاں جیو فینسگ کا ڈیٹا تین یوم میں پولیس کے حوالے کرے۔ موبائل کمپنیوں کا نمائندہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور عدالت پیش ہو، مغوی کے بھائی کو ملنے والی دھمکیوں سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو آگاہ کیا جائے۔ درخواست گزارکے وکلاء ذاتی طور پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کے پاس پیش ہو کر حقائق سے آگاہ کریں۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ آئی جی کو مغوی کی ایجنسی کے پاس موجودگی کا علم ہے۔ وکیل نے بتایاکہ مغوی کے بھائی کو گمنام کالز موصول ہوئیں، مغوی کے بھائی کو کہا گیا کہ وہ پی ٹی آئی کی حمایت سے دستبردار ہوں تو ان کے بھائی کو رہا  کیا جائے گا۔ وکیل نے بتایا کہ ایف ڈبلیو او کی جانب سے موٹر وے کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو نہیں دی جا رہی۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ دستیاب وسائل کے اندر مغوی کی بازیابی کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ پولیس شکایات سیل کے قیام کے عدالتی فیصلے پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا معاملہ حکومت پنجاب کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن