خیبر پی کے سے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنسوں کی جعلی تصدیق کا انکشاف، ہانگ کانگ، آسٹریلیا کی شکایت

Jun 30, 2024

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے سے جاری انٹر نیشنل ڈرائیونگ لائسنسوں کی مبینہ جعلی تصدیق کا سکینڈل سامنے آ گیا۔ ہانگک کانگ سے 89 اور آسٹریلیا سے متعدد انٹر نیشنل ڈرائیونگ لائسنسوں کی جعلی تصدیق کی شکایات ملی ہیں۔ وزارت خارجہ نے خیبر پی کے حکومت کو معاملے کی چھان بین کی ہدایت کر دی۔ وزارت خارجہ نے مراسلے میں کہا ہے کہ خیبر پی کے سے کم عمر لوگوں کو بھی ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔ مراسلہ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے شہریوں کو بھی ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں، ایسے لوگوں کو بھی لائسنس جاری کئے گئے جو پاکستان آئے ہی نہیں تھے۔ وزارت خارجہ نے سفارش کی ہے کہ معاملے کی چھان بین کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دریں اثناء خیبر پی کے حکومت نے معاملے کی چھان بین کیلئے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کو انکوائری آفیسر مقرر کیا ہے۔

مزیدخبریں