راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پنجاب آرٹس کونسل میں قلم قافلہ اسلام آباد کے اشتراک سے معروف اور ممتاز شاعر آفتاب خان کے شعری مجموعے''اجاغ میں پڑی راکھ''کی تقریب پذیرائی منعقد ہوئی۔تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر منور ہاشمی نے کی جبکہ مہمان خصوصی میں ڈاکٹر نثار ترابی،نسیم سحر،ڈاکٹر نذر عابد، پروفیسر عرفان جمیل، سجاد حسین شامل تھے۔تقریب میں نئیر سرحدی نے نظامت کے فرائض سر انجام دیے۔صدر محفل ڈاکٹر منور ہاشمی کا کہنا تھا کہ شاعری کے جس مجموعے میں فکر و فن کا اعلی معیار برقرار رکھا جائے صرف وہی مجموعہ شاعری کی دنیا میں امتیاز حاصل کر تا ہے۔ اردو غزل کی شعری راویت میں آفتاب خان ایک ہمہ جہت تخلیق کار کا نام ہے۔ جس کے ہاں تخلیقی ریاضت اور فنی پختگی کا معیار اسے ایک اہم غزل گو شاعر کی حیثیت سے ہمارے سامنے لاتا ہے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین کا کہنا تھا کہ آفتاب خان کی شاعری آج کے جدید ادبی منظر نامے کا ایک خوبصورت حوالہ ہے۔اور انکی راولپنڈی کے ادبی حلقوں میں کی جانب سے یہاں تشریف لانا ایک خوشگوار ادبی واقعہ ہے۔آفتاب خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے ادبی دوستوں کی میزبانی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے فکر انگیز کلام سے نواز کر خوب داد سمیٹی۔ڈاکٹر جنید اذر، برگیڈئیر ایم ڈی ملک، سید جمال زیدی،سلیم اختر، تجمل شاہ، رفعت انجم اور عمران رشدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کتاب پر مقالے پیش کرکے''اجاغ میں پڑی ہے راکھ '' کو ایک منفرد اور نئے اسلوب کی شاعری قرار دیا۔