اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )یکم جولائی سے شروع ہونے والی خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 95 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔یکم جولائی سے سات جولائی تک بلوچستان کے 16 اضلاع، خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع، سندھ کے اٹھ اضلاع، پنجاب کے پانچ اضلاع اور اسلام آباد کی مخصوص یونین کونسلز میں گھر گھر پولیو مہم چلائی جائے گی۔بلوچستان میں پولیو کیسز کی تشخیص اور 40 سے زائد اضلاع کے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے پیش نظر پولیو سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ ویکسینیشن مہم 41 اضلاع میں چلائی جائے گی جس میں سے 11 اضلاع میں جزوی مہم ہوگی۔وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ہر پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ انہیں معذوری کا باعث بننے والی اس بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا: ’بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا اور اس وائرس کا ملک سے خاتمہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
خصوصی انسدادِ پولیو مہم کل سے شروع، 95 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے
Jun 30, 2024