سمندر پر تفریح کیلیے جانیوالے خاندان کی کوسٹر الٹ گئی، 7 افراد جاں بحق

Jun 30, 2024 | 17:38

ویب ڈیسک

ساحل سمندر ہاکس بے پر تفریح کے لیے جانیوالے خاندان کی کوسٹر کو خوفناک حادثہ پیش آیا خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والا خاندان کوسٹر میں سوار ہوکر تفریح کے لیے ہاکس بے جا رہا تھا کہ ماڑی پور نیو ٹرک اسٹینڈ کے قریب کوسٹر الٹنے کے نتیجے میں تین بجے موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ چار افراد اسپتال لے جاتے ہوئے چل بسے۔ حادثے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تیز رفتار کوسٹر گلی سے نکلنے والے ٹرالر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی تھی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرالر چھوڑ کر فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق کوسٹرمیں 40 سے 45 افراد سوار تھے اور متاثرہ خاندان عزیز آباد کراچی کا رہائشی تھا۔جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے اور تین خواتین شامل ہے۔ بچوں کی شناخت 6 سالہ سکینہ، 4 سالہ زینت، 10 سالہ کنزہ اور 14 سالہ قدیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔مرنے والی خواتین میں 40 سالہ صغریٰ اور 45 سالہ سعدیہ شامل ہیں جب کہ ایک خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ جاں بحق خاندان عزیز آباد کراچی کا رہائشی تھا۔سول اسپتال میں 15 زخمیوں کو لے جایا گیا ہے جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثے کے حوالے سے عینی شاہد نے بتایا کہ ٹرالر سے ٹکر کے بعد تیز رفتار کوسٹر فٹ پاتھ سے ٹکرائی جب کہ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہاکس بے روڈ پر ٹرک کھڑے ہوتے ہیں لیکن ٹریفک پولیس ایکشن نہیں لیتی۔

دوسری جانب حادثے کے حوالے سے ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ ہاکس تمام روٹس پر غیر معمولی نفری تعینات ہے۔ حادثے کے بعد ایس ایچ اوز کو تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کی ہے جب کہ تیز رفتاری پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ادارے اور مقامی افراد جمع ہوگئے اور الٹنے والی کوسٹر میں پھنسے زخمیوں اور لاشوں کو نکال کر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

مزیدخبریں