گرمی کا زور ختم، آج شام سے کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان

Jun 30, 2024 | 21:25

ویب ڈیسک

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ایک ہفتے سے زائد عرصے تک بند رہنے کے بعد آج شام کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔بندرگاہی شہر کو ایک ہفتے سے شدید گرمی کی لہر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے اور گرمی کے اشاریے 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جا رہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ گرمی کی لہر آج رات سے کم ہونا شروع ہو جائے گی. سمندری ہواؤں، ابر آلود آسمان اور شہر کے بعض علاقوں میں ممکنہ بوندا باندی کے باعث پیر سے موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔موسم کی تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق آج شام سے گرم موسم کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے کیونکہ سمندری ہواؤں کو روکنے کا ذمہ دار کم دباؤ کا نظام بندرگاہی شہر سے ہٹ گیا ہے۔

 دریں اثنااندرون سندھ کے کچھ حصوں بشمول جامشورو، بدین، ٹھٹھہ، عمرکوٹ، اور تھرپارکر کے اضلاع میں آج شام گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ کراچی میں 8 جولائی سے پری مون سون بارش متوقع ہے۔

مزیدخبریں