لاہور (خبر نگار)پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات راجہ عامر خان نے نگران وزیر اعلی پنجاب نجم سیٹھی کے اس عزم کاپرتپاک خیر مقدم کیا ہے کہ الیکشن ملتوی ہوئے یا نگران سیٹ اپ کی معینہ مدت میں توسیع کی گئی تو وہ عہدہ چھوڑ دیں گے - انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیکرٹری بلدیات اور دیگر اہم عہدوں پر تعینات سیکرٹری اور انتظامی افسران کو فوری طر پر تبدیل کیا جائے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں تبدیل کئے بغیر آزادانہ، شفاف انتخابات کا حصول ممکن نہیں۔ عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوام نے جمہوریت کے لئے بیش قدر قربانیاں دی ہیں۔ نجم سیٹھی کی سوچ پاکستانی عوام کی امنگوں سے ہم آہنگ اور حقیقی ترجمانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی جیسی سوچ رکھنے والے دانشور قومی اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی میں یہ بات بلا خوف و تردید کی جا سکتی ہے کہ پنجاب میں عام انتخابات شفاف ہونگے اور کسی کو بھی دھاندلی کرنے یا عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی جرات نہیں ہو سکے گی۔