ڈیڈ لائن گزر گئی‘ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا

Mar 30, 2013

اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمشن کی 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن گزر گئی، وزیراعظم سیکرٹریٹ سے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا، وزارت خزانہ نے ڈپٹی گورنر کی فراغت کی سمری جمعرات کو وزیراعظم سیکرٹریٹ بھجوا دی تھی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق جمعہ کی شام تک وزیراعظم سیکرٹریٹ یا وزارت خزانہ سے ڈپٹی گورنر اشرف محمود ودرا کی برطرفی یا فراغت کا کوئی نوٹیفکیشن یا آرڈر نہیں بھجوایا گیا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن آف پاکستان 27 مارچ کو حکومت کو ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کو فارغ کرنے کے لئے 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ جس کے پیش نظر سیکرٹری خزانہ عبدالخالق نے جمعرات 28 مارچ کو اشرف محمود کی فراغت کی سمری وزیراعظم سیکرٹریٹ کو بھجوا دی تھی مگر چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مذکورہ سمری کو منظور یا مسترد کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔

مزیدخبریں