اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نمائندگان) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک پر ایک مخصوص کلاس نے قبضہ کیا ہوا ہے۔ 70 فیصد ارکان اسمبلی ٹیکس نہیں دیتے گزشتہ 5 سالوں میں ملک کا قرض دگنا ہوگیا۔ نیا پاکستان فنڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کے خوف سے کاروباری لوگ دبئی چلے گئے۔ تحریک انصاف تنہا الیکشن لڑے گی کسی سیاسی جماعت یا دہشت گرد تنظیم سے اتحاد نہیں کریں گے۔ وعدہ کرتا ہوں 25 فیصد ٹکٹیں نوجوانوں کو دیں گے ملک سے کینسر کے خاتمے کیلئے نکلا ہوں۔ تحریک انصاف کے قائد عمران خان آبائی حلقہ این اے 71 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔ این اے71 سے کورنگ امیدوار کے طور پر عائلہ ملک سابق ایم این اے نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ میانوالی میں اپنے مقابل میں شہباز شریف کے آنے کا منتظر ہوں۔ کھلاڑی ہوں چاہتا ہوں کہ کوئی تگڑا مقابلہ کرے جب کرکٹ کھیلتا تھا تو کمزور ٹیم سے نہیں کھیلا کرتا تھا۔ عمران خان نے کہ کہ پارٹی ٹکٹ کے لئے امیدواروں کی سکروٹنی باریک بینی سے کی جائے گی جس کا وہ خود جائزہ لےں گے۔ 25فیصد ٹکٹ 35سال سے کم عمر پڑھی لکھی نوجوان قیادت کو دیئے جائیں گے۔ ملکی تاریخ مےں پہلی مرتبہ تحریک انصاف نے فنڈ ریزنگ کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے جمع ہونے والی رقم نوجوان امیدواروں کی انتخابی مہم پر خرچ کی جائے گی۔ تحریک انصاف کی جانب سے ”نیا پاکستان فنڈ“ کی افتتاح کیا گیا۔