لاہور خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اربوں کھربوں روپے کے ڈاکے پڑچکے ہیں، ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، صنعتکار ملک چھوڑ کر بنگلہ دیش اور افریقہ جا رہے ہیں مگر اس کے باوجود پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر اقوام عالم میں باوقار ملک بنایا جا سکتا ہے، اللہ نے نوازشریف کو اقتدار سونپا تو پاکستان کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنائیں گے، جہاں غریب کو روٹی ملے، مفت علاج اور تعلیم حاصل ہو، صنعت کا پہیہ چلے، روزگار عام ہو۔ وہ گذشتہ شب مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں سابق رکن قومی اسمبلی و ممتاز صنعتکار قیصر احمد شیخ کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق صدر وفاق ہائے ایوان و صنعت و تجارت ایس ایم منیر، صدر کراچی چیمبر آف کامرس انجم نثار، صدر چیمبر آف کامرس فیصل آباد زاہد اسلم، سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس انجم نثار و دیگر نے اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر مولانا الیاس چنیوٹی، مولانا رحمت اللہ، رانا مشہود احمد خان، اقبال محبوب مقصود اقبال، میاں انعام الٰہی اثر، عرفان قیصر شیخ، حاجی طارق شفیع، اشرف بھٹی سمیت لاہور، فیصل آباد اور کراچی کے صنعت کاروں کے لیڈر اور چنیوٹ برادری کے سرکردہ افراد موجود تھے۔ شہبازشریف نے مزید کہاکہ پاکستانی معیشت کی ڈوبتی کشتی کو الیکشن جیت کر کنارے لگائیں گے۔ انہوں نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت کے کارناموں کا تفصیلاً ذکر کیا اور کہا کہ اللہ نے موقع دیا تو جس طرح ہم نے بدلا ہے پنجاب اس طرح بدلیں گے۔ اس موقع پر تاجر رہنماﺅں نے مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان کیا۔