کولمبو : بودھ انتہا پسندوں کا مسلمانوں کی املاک پر حملہ‘ توڑ پھوڑ‘ ملبوسات کا سٹور نذرآتش

کولمبو (بی بی سی/ اے ایف پی) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سنہائی بودھوں کی جانب سے مسلمانوں کے ملکیتی سٹور میں توڑ پھوڑ اور اسے نذر آتش کئے جانے کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔ بودھ راہبوں کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے جمعرات کی رات مسلمانوں کے ملکیتی سٹور پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی۔ اس واقعہ کے بعد متاثرہ علاقے میں ایلیٹ پولیس کے دستے گشت کر رہے ہیں۔ جبکہ علاقے میں اب بھی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ پولیس ترجمان کا بدھیکا سری وردھنے نے جمعہ کو صحافیوں کو بتایا جمعرات کی رات سنہائی گروہوں نے پپیلیانا کے علاقے میں واقع مبلوسات کے سٹور پر پتھراﺅ کرنے کے بعد اسے آگ لگا دی۔ ان کے مطابق اس حملے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال پر چند گھنٹے میں قابو پا لیا گیا تھا اور ہم نے متاثرہ علاقے کی نگرانی اور وہاں حالات بگڑنے سے بچانے کے لئے سپیشل ٹاسک فورس کے کمانڈوز کے اضافی دستے تعینات کر دیے ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ تاحال اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولیس کے بیان کے برعکس عینی شاہدین کے مطابق موقع پر موجود پولیس نے ابتدا میں حملہ آوروں کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ تاہم جب تشدد کا سلسلہ پھیلنے لگا تو پولیس نے دخل اندازی کی اور حالات پر قابو پایا۔ موقع سے ملنے والے ویڈیو فوٹیج میں ہجوم کو عمارت پر پتھراﺅ کرتے اور مالکان کو گالیاں دیتے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ حکام نے اس حملے کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی ہے تاہم اسے ملک میں مسلم اور سنہائی بودھ آبادی کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ہی دیکھا جا رہا ہے۔ مسلمان سری لنکا کی کل آبادی کا نو فیصد ہیں اور سری لنکا کے سخت گیر بودھ ملک میں مسلم طرز زندگی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ بھی سری لنکا کے ایک سخت گیر سنہالی بودھ مت گروپ نے ملک میں حلال اشیاءکے بائیکاٹ کی مہم شروع کی تھی اور دکانداروں سے کہا تھا کہ وہ حلال اشیاءکے اپنے تمام ذخیروں کو اپریل تک ختم کر دیں۔ بودو بالا سینا نامی اس گروہ نے دوسرے مذاہب کا پرچار کرنے والوں کو بھی ایک ماہ کے اندر سری لنکا سے چلے جانے کو کہا تھا۔ بی بی سی کے نامہ نگار نے کولمبو سے بتایا کہ گذشتہ کچھ عرصے سے مسجدوں اور مندروں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ مسلمانوں کے کاروباروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق گودام پر حملہ کرنے والے ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے فوجی دستے بھی طلب کرنا پڑے۔ ہجوم نے پتھراﺅ کر کے کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ سری لنکا کی مسلم کونسل کے صدر ایف ایم امن نے کہا کہ اس حملے سے مسلمانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اس حملہ کے بعد ملک بھر میں مسلمانوں کے کاروبار کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
کولمبو / حملہ

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...