لاہور (احسن صدیق) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے الیکشن کمشن آف پاکستان کو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی ٹیکس معلومات فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ تمام ریجنل ٹیکس آفسز اور لارج ٹیکس پیئرز یونٹوں میں فیلڈ الیکشن کوآرڈینیٹرز تعینات کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن پاکستان ایف بی آر کو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے نام اور شناختی کارڈ نمبر فراہم کر رہا ہے جن کی ایف بی آر گزشتہ 3 سال کی ٹیکس معلومات الیکشن کمشن پاکستان کو فراہم کریگا۔ ذرائع نے بتایا کہ فیلڈ الیکشن کوآرڈینیٹرز 7 اپریل تک 24 گھنٹے کام کرینگے۔ ذرائع نے بتایا کہ فیلڈ الیکشن کوارڈینیٹرز انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی ٹیکس معلومات اسلام آباد میں قائم ہیڈآفس کو فراہم کر رہے ہیں جہاں سے معلومات فیکس اور ای میل کے ذریعے الیکشن کمشن کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو ایف بی آر نے تمام ریجنل ٹیکس آفیسز اور لارج ٹیکس پیئرز یونٹوں کے چیف کمشنرز کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے وہ اپنے علے کو چوکنا اور محتاط رکھیں، سیاستدان اثر و رسوخ استعمال کر سکتے ہیں۔ ٹیکس ریکارڈ کی تبدیلی میں جو ٹیکس اہلکار ملوث ہوا اسکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایف بی آر
ایف بی آر نے الیکشن کمشن کو امیدواروں کی ٹیکس معلومات کی فراہمی شروع کر دی
Mar 30, 2013