اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات اور گروپ بندی اس وقت مزید کھل کر سامنے آ گئی جب جمعہ کو نیاپاکستان فنڈ کی تقریب افتتاح کے بعد کارکنوں کی ٹولیوں نے عمران خان‘ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر خان ترین کو گھیر لیا اور ٹکٹوں کی تقسیم میں میرٹ کی خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ بعض کارکنوں نے عمران خان کو بھی روک کر اس ایشو پر بات کرنا چاہی لیکن ان کے ذاتی محافظوں اور بعض عہدیداروں نے ان کارکنوں کو آگے نہ آنے دیا اور عمران خان جب بیرونی دروازے سے نکل رہے تھے تو ایک نوجوان نے آواز لگائی کہ نظریاتی کارکنوں اور قائدین کا استحصال شروع ہو گیا ہے۔ بعض نوجوانوں سے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کو بھی گھیرے میں لے کر ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر شکایات کے انبار لگا دئیے اور کہا کہ کے پی کے اور پنجاب میں جن امیدواروں کو ٹکٹون کے اجرا کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں ان کا پارٹی کے نظریہ اور پروگرام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے ان کارکنوں سے یہ کہہ کر جان چھڑائی کہ ابھی ٹکٹوں کی حتمی تقسیم نہیں ہوئی۔
اختلافات سامنے