سیول/ پیانگ یانگ (اے ایف پی+ ثناءنیوز) شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان نے جنوبی کوریا کی فضائی حدود میں امریکی سٹیلتھ بمبار طیاروں کی تربیتی پروازوں کے جواب میں اپنے میزائل او رراکٹ یونٹوں کو امریکی اہداف پر کسی بھی وقت حملے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیدیا ہے۔ اس حکم نامے پر انہوں نے گزشتہ روز ملک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے بعد اسوقت دستخط کئے جب جنوبی کوریا میں تربیتی مشقوں کے دوران امریکہ نے بی 2 بمبار طیاروں کو بھی تعینات کردیا۔ کورین نیوز ایجنسی کے مطابق کم جونگ ان نے کہا ہے کہ بی 2 بمبار طیاروں کی پروازیں ہمارے لئے الٹی میٹم تھا، حساب برابر کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اگر انہوں نے اس قسم کی اشتعال دلانے کی کوشش کی ہے تو کوریا کی عوامی فوج کو امریکی سرزمین، انکے مضبوط ٹھکانوں اور بحرالکاہل میں ہوائی اور گوام اور جنوبی کوریا میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو بے رحمانہ انداز میں نشانہ بنانا چاہئے۔ دوسری طرف جنوبی کوریا کے فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ شمالی کوریا میں درمیانے اور دور تک مار کرنیوالے میزائل فوجیوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے۔ ادھر امریکہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ علاقے میں کسی بھی واقعے کیلئے تیار ہے۔ بی 2 طیارے امریکہ کی جانب سے اپنے اتحادیوں کو زیادہ تحفظ فراہم کرنے اور طویل فاصلوں پر واقع اہداف کو تیزی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت کی نشانی ہیں۔ امریکی وزیرِ دفاع چک ہیگل نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا ہے کہ شمالی کوریا کو سمجھنا ہو گا کہ وہ جو کچھ کر رہے ہیں وہ انتہائی خطرناک ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے اس قسم کی اکسانے کی کوششوں کو ہم سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔
شمالی کوریا کا میزائل یونٹوں کو امریکی اہداف پر حملے کے لئے تیار رہنے کا حکم‘ جارحیت کا بھرپور جواب دیںگے: امریکہ
Mar 30, 2013