لاہور (خصوصی رپورٹر) سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے قومی ہم آہنگی کے ایک وفد نے گڈ فرائیڈے کے موقع پر سینیٹر افراسیاب خٹک کی قیادت میں جوزف کالونی بادامی باغ لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامران مائیکل، فرحت اللہ بابر، مشاہد اللہ خان اور خاتون سینیٹر فرحت عباس نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد جوزف کالونی میں بحالی کے کام کا جائزہ لینا، مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب اور متاثرین کے ساتھ ہم آہنگی اور یکجہتی کا اظہار ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر کامران مائیکل نے جوزف کالونی کے متاثرین کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ فرحت اللہ بابر، افراسیاب خٹک، فرحت عباس اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا آئین میں اقلیتوں کے حقوق برابر ہیں اور وہ ان کے حقوق کے تحفظ کے ضامن ہیں۔ وفد نے چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈی سی او لاہور سے بھی ملاقات کی اور جوزف کالونی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔