ایشین کرکٹ کونسل ٹی ٹونٹی کپ : ہانگ کانگ نے مالدیپ‘ کویت نے عمان کو شکست دیدی

Mar 30, 2013

کھٹمنڈو (اے پی پی) ایشین کرکٹ کونسل ٹی ٹونٹی کپ میں ہانگ کانگ نے مالدیپ اور کویت نے عمان کو شکست دے دی۔ کھٹمنڈو میں جاری ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں ہانگ کانگ اور مالدیپ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں، ہانگ کانگ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے وقاص برکت کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ وقاص نے 109 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، میہسن حمید نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں مالدیپ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 10 اوورز میں 45 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ حسن ہازق 17 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ نو کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، تنویر افضل اور عرفان احمد نے تین، تین کرن شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ وقاص برکت عمدہ کارکردگی کی بدولت میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے میچ میں کویت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں پر 187 رنز بنائے، یاسر ادریس نے دھواں دار بیٹنگ کی، انہوں نے 5 شاندار چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی، عامر علی نے تین اور راجیش کمار نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عمان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کےلئے سخت کوشش     کی لیکن کویت کے باﺅلرز نے پوری ٹیم کو 161 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ ذیشان صدیقی 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سید رضوان علی اور ہارون رشید نے تین، تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

مزیدخبریں