امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ وہ زندگی میں پہلی مرتبہ کسی عدالت میں گئے، انہوں نے کہا کہ جب وہ کمرہ عدالت میں موجود تھے اور جج عدالت میں داخل ہوا تو عدالتی قوانین کے مطابق سبھی کو کھڑا ہونا پڑتا ہے تاہم جب انہوں نے بھی ایسا کیا تو اس وقت انہیں شرمندگی محسوس ہوئی۔ سابق صدر مشرف کا کہنا تھا کہ اب وہ عدالت میں پیش ہوگئے ہیں اور اب ان کی گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں بنتی،جہاں تک کیسز کا تعلق ہے تو وہ تمام سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں ۔جوتا پھینکنے کے حوالے سے پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ جب ان پر جوتا پھینکا گیا تو انہیں نہ تو وہ لگا اور نہ ہی انہیں اس وقت پتہ چلا تاہم انہیں بتایا گیا کہ ایک جوتا ان کی طرف پھینکا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت کے وقت سینکڑوں افراد ان کی حمایت کیلئے عدالت کے احاطے میں موجود تھے۔