اسلام آباد (ثناء نیوز+نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر مشرف پر سنگین غداری کی فردجرم کل (پیر کو) عائد ہوگی۔ مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے پولیس ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی آمر کی جانب سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کئے جانے پر شروع کئے گئے غداری کیس میں فوج کے سابق سربراہ پر فردجرم عائد کی جائیگی۔ عدالت نے حکم جاری کر رکھا ہے کہ اگر پرویز مشرف عدالت میں پیش نہ ہوں تو 31 مارچ کو انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ پولیس ٹیم پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائیگی۔ ایس پی مستنصر فیروز پولیس ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ٹیم میں اے ایس پی سٹی یاسرآفریدی اور 3 ایس ایچ اوز شامل ہیں۔ پولیس ٹیم کل 31 مارچ کو صبح 8 بجے اے ایف آئی سی پہنچے گی۔ پرویز مشرف کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے کہا جائیگا۔ انکار پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ اجازت نہ دینے والے متعلقہ ڈاکٹر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائیگا۔چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس میں مشرف کی کل خصوصی عدالت میں پیشی کے لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مشرف کو فول پروف سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سکیورٹی کیلئے 2100 اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔