کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن کاغذات نامزدگی کی وصولی شروع پولنگ پچیس اپریل کو ہو گی

Mar 30, 2015

لاہور (خصوصی رپورٹر) لاہور کینٹ کنٹونمنٹ اور والٹن کنٹونمنٹ سمیت پاکستان بھر کے 42 کنٹونمنٹس بورڈ کے 25 اپریل کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ گذشتہ روز اتوار سے شروع ہو گیا جو منگل 31 مارچ تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 29 سے 31 اپریل تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ 2 سے 4 اپریل تک جمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال اور 6 اپریل تک کاغذات مسترد ہونے پر اعتراضات دائر کئے جا سکتے ہیں۔ 9 اپریل کو اپیلوں پر فیصلے دیئے جائیں گے جبکہ 10 اپریل کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ 11 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے۔ ملک کے کئی شہروں میں قائم 42 کینٹ بورڈز میں 199 وارڈز تشکیل دیئے گئے ہیں اور ہر وارڈ کی ایک جنرل نشست پر انتخاب کرایا جائے گا۔ صوبہ خیبر پی کے کے 10 کنٹونمنٹ ایریا میں 30 وارڈز صوبہ پنجاب میں 21 کنٹونمنٹ بورڈ کیلئے 116 وارڈ‘ صوبہ سندھ کے 8 کنٹونمنٹ بورڈ میں 44 وارڈز اور صوبہ بلوچستان میں قائم تین کنٹونمنٹ بورڈ میں 9 وارڈ بنائے گئے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈز میں جنرل نشستوں پر پولنگ 25 اپریل کو ہو گی۔ الیکشن کمشن نے کنٹونمنٹس بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ وزیراعظم‘ سینٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین‘ اسمبلی کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر‘ وفاقی وزراءاور دیگر حکومتی عہدیدار کسی بھی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے اور نہ ہی انتخابات کے دوران کسی وارڈ یا کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کریں گے۔ پولنگ سٹیشن کی حدود 200 میٹر کے اندر ووٹ دینے کیلئے کسی کو قائل کرنا یا ووٹ دینے سے روکنا مخصوص جگہ کے علاوہ کسی جگہ پر کسی قسم کے نوٹس‘ نشان‘ بینر اور جھنڈا آویزاں کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ علاوہ ازیں کنٹونمنٹس بورڈز کے بلدیاتی الیکشن میں (ق) لیگ‘ پاکستان عوامی تحریک‘ سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے درمیان انتخابی اتحاد نہیں بن سکا۔ ان جماعتوں کے ذائع نے بتایا ہے کہ آپس میں اشتراک عمل کی کوشش کی جائیگی۔
کنٹونمنٹ بورڈز/ الیکشن

مزیدخبریں