یمن میں کفیل نے ملتان کے 9 افراد کو جبراً روک لیا

Mar 30, 2015

ملتان (خاتون رپورٹر) یمن کے دارالحکومت صنعا میں بمباری کے بعد بیشتر پاکستانیوں کا گھر والوں سے رابطہ نہ ہونے پر گھر والے پریشان ہیں۔ یمن کے شہر صنعا میں محصور بیشتر پاکستانیوں کا تعلق ملتان سے ہے۔ ان میں نواب پور روڈ کے محمد سلیمان بھی ہیں جن کے ساتھ 9 دیگر نوجوان بھی ملتان کے ہیں۔ محمد سلیمان نے والد غلام حیدر اور والدہ محفوظ بی بی نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انکے بیٹے سے نیٹ پر دو روز قبل بات ہوئی تھی، اسکے بعد معلوم ہوا کہ کفیل صالح راشد نے انہیں اپنے پاس جبراً رکھا ہوا ہے کہ انکے نئے اقامہ بنانے پر جو خرچہ آیا ہے وہ ادا کیا جائے۔ محمد سلیمان کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بہت پریشان ہے ہم نہیں جانتے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعا میں مقیم پاکستانی جنہیں زبردستی روکا جا رہا ہے حکومت وطن واپس لائے۔ واضح رہے کہ محمد سلیمان کے ساتھ قصبہ مڑل کا ندیم چوک شہیداں کا عمران اور پاک گیٹ کا محمد خرم بھی ہے جنہیں کفیل نے ایک کمرے میں بند کرکے ان سے سونے کی ڈھلائی کا کام کرا رہے ہیں، ان پر پہرہ ہے رات کو کمرہ لاک کر دیا جاتا ہے تاہم گھروالوں کے مطابق انہیں کھانا پینا بھی دیا جا رہا ہے۔
کفیل / روک لیا


مزیدخبریں