اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) یکم اپریل سے پٹرول کی قیمت 2 سے 3 روپے فی لٹر اضافے جبکہ ڈیزل کی قیمت 4 روپے تک فی لٹر کم کرنے کا امکان ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 62 ڈالر فی بیرل تک جانے کے بعد دوبارہ 58 ڈالر پر آ گئیں جبکہ اضافی سیلز ٹیکس کی وجہ سے صارفین کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ نہیں مل رہا۔ اوگرا اور وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کیلئے آج اوگرا حکام اور پی ایس او کے نمائندوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہو گا جس کے بعد اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کر کے سمری وفاقی وزارت پٹرولیم کو بھجوائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اوگرا کی سمری میں پٹرول‘ لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں گذشتہ تجویز کیا گیا اضافہ برقرار رکھا جائے گا جو کہ ڈیڑھ روپے سے لے کر پانچ روپے فی لٹر ہو گا جبکہ اوگرا کی سمری میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر تک کمی کی تجویز بھجوائے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح کا ازسرنو تعین کر کے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔ یکم اپریل کو پٹرول‘ لائٹ ڈیزل‘ تیل مٹی کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر تک اضافے کا امکان ہے۔