میلبورن (سپورٹس رپورٹر) 11 ویں آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ءمیں کئی سابقہ ریکارڈز ٹوٹ گئے۔ سری لنکن سٹار بلے باز سنگاکارا نے مسلسل چار سنچریاں بنا کر ورلڈ کپ اور ون ڈے کرکٹ میں عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس بار ٹورنامنٹ میں زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا اور مجموعی طور پر 34 سنچریاں بنیں۔ اس سے قبل 2011 ورلڈ کپ میں 24 تھری فیگر اننگز کھیلی گئی تھیں۔ میگا ایونٹ میں ٹیموں کی جانب سے زیادہ بار 300 پلس ٹوٹل کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔ اس کے علاوہ ایک ٹورنامنٹ میں بلے باز اور ٹیموں کی طرف سے زیادہ چھکوں کا بھی نیا ریکارڈ قائم ہوا، ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل 26 چھکوں کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ ٹورنامنٹ میں 463 چھکے لگے۔ میگا ایونٹ میں بلے باز چھائے رہے اور انہوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے شائقین کو خوب لطف اندوز کیا۔ کرس گیل اور مارٹن گپٹل نے ڈبل سنچریاں بنائیں۔ کرس گیل نے زمبابوے کے خلاف 215 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ مارٹن گپٹل نے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 237 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نئی تاریخ رقم کی۔ یہ ورلڈ کپ مقابلوں کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔ اس بار ٹورنامنٹ میں ٹم ساﺅدی نے بیسٹ باﺅلنگ کی انہوں نے 33 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے سٹیون فن اور جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومنی نے ہیٹ ٹرک کی۔