قطر کی پاکستان میں توانائی کے شعبے میں گہری دلچسپی ہے: صاقر بن مبارک المنصوری

Mar 30, 2016

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں تعینات قطر کے سفیر صاقر بن مبارک المنصوری نے کہا کہ قطر پاکستان میں توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان میں دو پاور پلانٹس لگانے کیلئے ابتدائی سٹیڈی پر کام جاری ہے ، قطر پہلے ہی چین کے اشتراک سے پاکستان میں چار کوئلے کے پاور پلانٹس لگانے کیلئے کوششوں میں مصروف ہے اور ان کے ملک کی طرف سے پاکستان میں دو پاور پلانٹس قائم کرنے سے پاکستان کے توانائی بحران کو کم کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔ وہ منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کر رہے تھے ۔قطر کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کو ترجیح دیتا ہے کیونکہ پاکستان ایک اہم اسلامی ملک ہے جس کے ساتھ کاروباری تعلقات کو ترقی دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان ایل این جی معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان مشترکہ وزارتی کمیٹی کا اجلاس اسی سال پاکستان میں منعقد ہو گا اور دونوں ممالک کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہو گا کہ مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی اس وقت قطر میں کام کر رہے ہیں اور اس کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر اپنے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے پاکستان سے مزید افرادی قوت کو درآمد کرنے پر غور کر رہا ہے ۔

مزیدخبریں