پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے ایک ایک نکتے پر عمل کرنا ہوگا:بلاول

لاہور(خبر نگار)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی والدہ بے نظیر بھٹو بھی دہشت گردی کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئیں تھیں، ہم سب نے مل جل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے اور دہشت گردوں کو شکست فاش دینی ہے ۔ جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا‘ ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے ایک ایک نکتے پر عمل کرنا ہوگا۔ جو لوگ دہشت گردی کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے ہیں ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں اور اس کے نتیجے میں جو لوگ شہید ہوئے ہیں ان کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہیں اور ان کے لواحقین کو یقین دلاتے ہیں کہ مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جناح ہسپتال میں آمد کے موقع پر گلشن اقبال پارک بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے زخمی‘ عورتوں‘ نوجوانوں اور زخمی بچوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ‘ سینیٹر اعتزاز احسن‘ میاں منظور احمد وٹو‘ جہاں آراء وٹو‘ منور انجم‘ فیصل انجم‘ عابد حسین صدیقی‘ جمیل سومرو بھی ان کے ساتھ تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ہسپتال کے 2 مختلف وارڈز میں زیرعلاج بچوں‘ خواتین اور مرد زخمیوں سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کو پھول پیش کئے۔ بلاول کی جناح ہسپتال آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے اور بلاول بھٹو کے ذاتی سکیورٹی گارڈز بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ایک گھنٹے سے بھی زائد زخمیوں کی وارڈز میں گذارا اور ان کے پاس فردا فردا جا کر گفتگو کی۔ اس موقع پر زخمیوں کے لواحقین بلاول بھٹو زرداری کے گلے لگ کر روتے رہے اور انہیں اس واقعہ کے بارے میں بتاتے رہے۔ ایک خاتون سے جب بلاول بھٹو زرداری نے پوچھا کہ بتائیں میں آپ کی کیا مدد کر سکتا ہوں تو اس نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کو ختم کردیں جس پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے تو میری والدہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کی قربانی دی ہے ہم سب نے مل جل کر دہشت گردی کو ختم کرنا ہے اور جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہو جاتا ہم اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔ متاثرہ خاندان کا غم سمجھتا ہوں۔ دہشت گرد افراد ناکام اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوگا۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری مختصر دورے پر لاہور پہنچے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے میڈیا سے بات چیت میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 5‘ 5 لاکھ اور زخمیوں کیلئے تین تین لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کی اس کارروائی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ہوئی ہے اور دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کے خلاف سخت سے سخت اقدامات کرنے ہونگے۔ سندھ کے عوام کے متاثرین کے دکھ میں ان کے ساتھ ہیں اور ہم ان کی ہرممکن مدد کریں گے۔ منظور وٹو نے کہا کہ دہشت گرد قوم کے دشمن ہیں‘ ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی ضرورت ہے۔ آئی این پی کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے ایک ایک نکتے پر عمل کرنا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...