اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ نے بدھ کے روز اپنے اسپیشل سروس گروپ، بحری کمانڈوز کی گولڈن جوبلی منائی۔ گولڈن جوبلی کی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ تھے۔ اس موقع پر مختلف سر گرمیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں اسپیشل سروس گروپ (نیوی)کی تاریخ پر مبنی کتاب کی رونمائی اور فائر پاور کا مظاہرہ شامل تھا جس میں اسپیشل سروس گروپ (نیوی) نے دہشت گردی کی روک تھام، یرغمالیوں کو چھڑانے اور ریسکیوآپریشنز کی خصوصی مہارتوں کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ہدف پر حملہ کرنے کی مشقیں بھی کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل محمد ذکا ءاللہ نے فرائض کی ادائیگی کی راہ میں اسپیشل سروس گروپ (نیوی) کی گزشتہ پچاس سالوں کی قربانیوں اور کار کردگی کو سراہا۔ نیول چیف نے مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر اسپیشل سروس گروپ (نیوی) کے شہدائ، غازیوں اور شہداءکے اہل خانہ کی قابلِ قدر اور شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اسپیشل آپریشنز فورسز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ موجودہ دور میں روایتی آپریشزکی ہیئت اور طریقہ کار میں تبدیلی کی وجہ سے ا سپیشل آپریشنز فورسزکا کردارنہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔ قبل ازیں دن بھر کی سر گرمیوں کے دوران نیول چیف نے ایس ایس جی (نیوی) کی سخت جسمانی مشقت کی حامل سرگرمیوں میں حصہ لیا اور زیرِ آب غوطہ خوری بھی کی۔