سانحہ ماڈل ٹائون: ٹرائل کورٹ کے طلب کردہ افسروں کو ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے منظور

Mar 30, 2017

لاہور (وقائع نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ میں ٹرائل کورٹ کی طرف سے طلب کئے جانے والے پولیس افسروں کو عہدوں سے ہٹانے کے لئے دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت کو 13 اپریل تک جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ دوسری جانب سانحہ ماڈل ٹائون کی عدالتی تحقیقات کی رپورٹ منظرعام پر لانے کے لئے ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جسٹس علی باقر نجفی کی سانحہ ماڈل ٹائون کے بارے میں کمشن کی رپورٹ منظرعام پر نہیں لائی گئی۔ علاوہ ازیں ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ میں سابق ڈی سی او لاہور کیپٹن عثمان کی طلبی کے نوٹس کو کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کی طلبی کے نوٹس پر جاری حکم امتناعی میں 27مارچ تک توسیع کرتے ہوئے وزیراعظم سمیت بارہ شخصیات کی عدالت طلبی کیلئے دائر درخواست یکجا کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس یاور علی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔

مزیدخبریں